بھٹکل 4/فروری (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرڈیشور بستی نیشنل ہائی وے پر کار پر سوار ایک شخص پر اچانک ایک شخص نے چاقو سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں کار پر سوار شخص کا ہاتھ بری طرح زخمی ہوگیا ہے اور اسے بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد منی پال روانہ کیا گیا ہے۔
زخمی شخص کی شناخت ناگپا عرف سانتمّا نائک (48) کی حیثیت سے کی گئی ہے جو اُترکوپّا کا رہنے والا ہے، جبکہ حملہ آور کی شناخت ترن مکّی کے رہنے والے موہن نائک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ناگپا کار پر بیٹھ کر اپنے ایک دوست کے ساتھ گفتگو کررہا تھا کہ اچانک موہن نے کار کے گلاس کو توڑتے ہوئے ناگپا پر حملہ کیا، مگر ناگپا نے بچاو کے لئے فوراً اپنا ہاتھ آگے کیا، جس کی وجہ سے وار سیدھے اُس کے ہاتھ پر لگا، جب موہن نے دوسری مرتبہ کوشش کی تو پھر ایک بار ناگپا نے اُسی ہاتھ کو آگے کیا، جس کی وجہ سے ایک ہاتھ کے دو طرف بری طرح چاقو سے زخم آئے ہیں اور کافی خون بھی بہہ گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ زمین کے معاملے کو لے کر دونوں کے درمیان کچھ جھگڑا چل رہا تھا، اُسی سے ناراض ہوکر موہن نے اچانک حملہ کیا تھا۔
مرڈیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے ، پولس نے بتایا کہ ملزم موہن نائک حملہ کرنے کے بعد فرار ہوگیا، اُس کی تلاش جاری ہے۔ پولس نے بتایا کہ حملہ کیوں کیا تھا، اُس تعلق سے معلومات اکٹھا کی جارہی ہے۔